پاکستان اور بوسنیا کا نوجوانوں کے پروگراموں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔اسلام آباد میں پاکستان میں بوسنیا اور ہرزیگووینا کے سفیر ایمن کوہوڈریوک سے ملاقات کے دوران، انہوں نے نوجوانوں کی ترقی میں علم اور تجربات کے تبادلے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیرکوہوڈریوک نے گزشتہ برسوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔مشہود خان نے کہا کہ ہم مل کر اپنے نوجوانوں کے لیے بامعنی مواقع پیدا کر سکتے ہیں اور ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
اجلاس نوجوانوں کے پروگراموں میں تعاون کے لیے ٹھوس راستے تلاش کرنے کے باہمی عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ نوجوانوں کی آوازیں اور خواہشات اس شراکت داری میں سب سے آگے ہوں۔