بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

27 اکتوبر 2024 جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ ترجمان اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین جناب پیر عبدالصمد انقلابی نے آر پار اور دنیا بھر میں جموں کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج 27 اکتوبر 2024ء کو یوم سیاہ بھر پور طریقے سے منا کر عالمی برادری پر ایک دفعہ پھر یہ واضح کریں کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو کسی بھی صورت میں جموں کشمیر پر بھارت کا ظالمانہ، جابرانہ اور غیر قانونی قبضہ تسلیم نہیں کرتے ہیں، بھارت نے جموں کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے برعکس جموں کشمیر پر فوجی طاقت کے ذریعے غیرقانونی قبضہ کیا، 27 اکتوبر 2024ء یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر جموں کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے، جب 1947ء میں اس روز بھارت نے فوجی طاقت پر جموں کشمیر کے لوگوں کے ان تمام بنیادی انسانی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جن کی ضمانت اقوام متحدہ کے چارٹر میں دی گئی ہے۔

چیئرمین نے آر پار اور دنیا بھر میں مقیم جموں کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے بھارتی سفارت خانوں، اقوام متحدہ کے دفاتراور تاریخی مقامات کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا پر واضح کریں گے کہ جمو کشمیر کے لوگ کسی بھی صورت میں بھارت کے جموں کشمیر پر غیر قانونی اورجابرانہ قبضہ تسلیم نہیں کرتے، جموں کشمیر ایک متنازعہ علاقہ جس کا حل ہونا اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق ابھی باقی ہے۔

چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارت جموں کشمیر کے لوگوں کی جدوجہد کو کچلنے کے لئے مختلف حربے اور مذموم منصوبے استعمال کررہا ہے، مودی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت تمام جموں کشمیر کے مسلمانوں کو ختم کرنے اور جموں کشمیر کو ہندو اکثریتی خطہ میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارت نے جموں کشمیر میں اسرائیلی پالیسی اپنائی ہوئی ہے اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے باہر کے لوگوں کو علاقے میں بسایا جا رہا ہے۔

چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت بھارت کو جلد جموں کشمیر سے نکلنا پڑے گا اور وہ دن دور نہیں جب جموں کشمیر کے لوگوں کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں کشمیر کے لوگ بھارت کے ناجائز قبضے سے مکمل آزادی حاصل کریں گے۔

چیئرمین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر یہ بات واضح کردی ہے کہ جموں کشمیر ہمارا حصہ ہے اور پاکستان جموں کشمیر کے لوگوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور جموں کشمیر کے لوگوں کی مکمل آزادی تک اپنا یہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

اشتہار
Back to top button