نامزد چیف جسٹس کی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس منصورعلی شاہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق دونوں ججز کی ملاقات چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیمبر میں ہوئی جس دوران چیف جسٹس نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو مبارک باد دی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ جسٹس آفریدی نے مقدمات کی سماعت کے بعدچیف جسٹس سے دوسری ملاقات بھی کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی جسٹس منصورعلی شاہ کے چیمبر میں بھی گئے جب کہ نامزدچیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو ان کے چیمبر کے اسٹاف نے بھی مبارک باد دی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ ملازمت سے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے سینئر ترین جج خطاب کرتے ہیں تاہم قاضی فائز عیسیٰ کے فل کورٹ ریفرنس سے جسٹس یحییٰ آفریدی خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے چیف جسٹس سے آئندہ چیف جسٹس کے لیے تین سینئر ترین ججوں کے نام مانگے تھے جن میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام دیے گئے تھے۔