جے یو آئی قومی امنگوں کی ترجمانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، حافظ حمداللہ
جمیعت علمائے پاکستان کے مرکزی ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ جے یو آئی قومی امنگوں کی ترجمانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
جے یو آئی ملک کو معاشی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتی ہے کیونکہ کسی بھی ملک میں معیشت کی مضبوطی تک وہ ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورپور تھل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممتاز علمائے کرام مولانا فضل الرحمان ،مولانا راجہ مسعود الحسن ،جے یو آئی تحصیل نورپور تھل کے رہنما خلیق الحسن بلوچ اور دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ جے یو آئی ملک سے غربت و افلاس، بے روزگاری، پسماندگی، ناخواندگی اور بدامنی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آئے اور ہمارا پیارا ملک تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے۔
بعدازاں جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے کشمیر چوک نورپور تھل میں منعقدہ سالانہ تاجدار ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جس کی صدارت ممتاز عالم دین مولانا عبدالرزاق نے کی جبکہ نقابت کے فرائض حسین علی بلوچ نے بطریق احسن سر انجام دیے۔
اس عظیم الشان کانفرنس میں ممتاز علمائے کرام نے بھی بھرپور شرکت کی ۔