شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران کاروباری سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں، ڈپٹی کمشنر
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران کاروباری مراکز بند کرنے کی خبریں پر ضلعی انتظامیہ کا وضاحتی بیان سامنے آ گیا۔ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا تھا کہ دوران اجلاس شہر میں کاروباری سرگرمیوں پر پابندی نہیں عائد کی گئی، جن کاروباری مراکز کو بند کرنا مقصود ہے ان کو آگاہ کر دیا گیا ہے، ایسے تمام کاروباری مراکز کے ساتھ ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ان کاروباری مراکز کو بند رکھا جائے گا جو روٹ پر واقع ہوں گے، دیگر کاروباری مراکز اپنے معمول کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے، اسلام آباد میں ہائکنگ ٹریلز بھی ایس سی او کے ایام میں بند ہوں گی۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ ایس سی او وفود کے روٹس پر ٹریفک کی روانی بھی محدود رہے گی، تمام اقدامات سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں، شہریوں اور کاروباری حضرات سے اپیل ہے کہ وہ تعاون کریں۔