بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور چین توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اہداف رکھتے ہیں: مصدق

وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے چین میں آٹھویں سلک روٹ ایکسپو کے موقع پر چین کی توانائی کی بڑی کمپنی YEN CHANGپیٹرولیم کا دورہ کیا ہے۔یہ دورہ دونوںملکوں کی جانب سے توانائی کے امکانات کی تلاش، جدت پسندی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تذویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار ہے۔YEN CHANG پیٹرولیم کی سینئر قیادت نے ڈاکٹر مصدق ملک کو کمپنی کے جاری منصوبوں اور مستقبل کی ترقی کی حکمت عملیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر تیل اور گیس کی تلاش ،ریفائنری کے شعبے میں تعاون، کوئلے کے مربوط صنعتی کمپلیکس اور ٹیکنالوجی میں جدت پسندی سمیت مختلف اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے توانائی کا تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے مشترکہ اہداف ہیں اور یہ دورہ تعاون بڑھانے کے نئے امکانات تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو توانائی کے شعبے میں جدت پسندی کیلئےدونوں ملکوں کے عزم سے مطابقت بھی رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر کو قابل تجدید توانائی اور کاربن سے استفادہ کرنے کے اقدامات سمیت توانائی کی ٹیکنالوجی میں کمپنی کی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیاگیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ YEN CHANGپیٹرولیم چین کی توانائی کی سرکردہ کمپنیوں میں سے ایک ہے جو تیل اور گیس کی تلاش، پیداوار اور تیل صاف کرنے اور کوئلے سے استفادہ کرنے میں خاصی مہارت رکھتی ہے اوراس نے Ethanol جیسے کیمیائی مادوں کی پیداوار کے شعبے میں بھی بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

اشتہار
Back to top button