پی ٹی آئی کا جلسہ آج، راستے کنٹینر لگا کر بند، میٹرو بس سروس بھی معطل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ اس جلسے کا وقت دن دو بجے رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ نے ایک سکیورٹی پلان دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسران کی شہر کے مختلف حصوں میں تعیناتی کر دی گئی ہے۔ اس جلسے کے لیے اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے ہسپتال انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے جبکہ ٹریفک پولیس کو اچھی کوآرڈینیشن کے لیے کہا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی ہدایت پر میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔
جلسے سے قبل دارالحکومت کے متعدد رستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ اس جلسے سے کچھ فاصلے پر واقع موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے جبکہ مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیلکردیا گیا ہے۔