گوگل کی عالمی سطح پر اور پاکستان میں خدمات لائق تحسین ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ 5 سال میں آئی ٹی برآمدات کا 25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے جب کہ نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 50 لاکھ کروم بکس تیار کرنے کے اقدام کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پہلی کروم بک پیش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ’گوگل فار پاکستان – آگے بڑھو‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کی عالمی سطح پر اور پاکستان میں خدمات لائق تحسین ہیں، نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ قابل ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی تعلیم اور بااختیار بنانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 5 سال میں آئی ٹی برامدات کا 25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے، آئی ٹی ماہرین ہدف کے حصول کیلئے اپنی تجاویز دیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے تجاویز دی جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ گورننس کو پیپیر لیس بنانے اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق تجاویز دی جائیں، ڈیجیٹائز سے کرپشن کا خاتمہ، محصولات میں اضافہ اور وسائل کا موثر استعمال یقینی ہوگا۔
تقریب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نئے سیکریٹری آئی ٹی کی تقرر کیا ہے اور یہ عمل شفاف طریقے سے ہوا ہے۔
علاوہ ازیں، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی خدمات لائق تحسین ہیں، گوگل وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹائزیشن سے ہم اہداف حاصل کر سکتے ہیں ، ہم نے اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے، 75 ہزار آئی ٹی گریجویٹس کی فنی صلاحیتوں کو مزید مربوط کرنا ہے۔