فلسطینیوں کے خون کا بدلہ پوری مسلم امہ پر فرض ہے ، خطیب مسجد اقصیٰ
خاموشی کی چادر اوڑھنے والی پوری دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی کی مجرم ہے؛ مسجد اقصیٰ عالم اسلام کی مسجد ہے اور ہمیشہ ایک اسلامی مرکز رہے گا،اجتماع سے خطاب
مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب الشیخ محمد حسین نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کا بہایا جانے والا خون کا بدلہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جو ہر عرب اور مسلمان، عرب اور مسلمان حکومتوں اور عوام کی گردنوں پرواجب ہے۔
اس قتل میں نہ صرف اسرائیلی ریاست ملوث ہے بلکہ خاموشی کی چادر اوڑھنے والی پوری دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی کی مجرم ہے۔
الشیخ حسین نے مسجد اقصیٰ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام نے مسجد اقصیٰ کے محافظ رہنے، ثابت قدم رہنے اور اپنے مقدسات اور اپنی سرزمین کی امانت کو برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ عالم اسلام کی مسجد ہے اور ہمیشہ ایک اسلامی مرکز رہے گا جس میں کسی عبادت گاہ یا چرچ کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی، اور نہ ہی انتہا پسندوں، دیوانوں اور قابض قوتوں کی عبادت کے لئے کوئی جگہ ہوگی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقصیٰ خدا کی امانت، ایمان، عبادت اور سفر اسرا و معراج کا معجزہ ہے، یہ صرف مسلمانوں کے لئے خالصتا ًاسلامی عبادت گاہ رہے گی، اس کے نام سے کوئی انحراف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور اس کی مقدس سرزمین کو ترک کرنا غداری، سازش اور ناکامی ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ ناانصافی، ظلم اور خیانت کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔