کشمیری عوام ماضی کی طرح نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس
بھارت نواز فرد یا پارٹی کو ووٹ دینا شہدا کے مقدس خون کے ساتھ غداری ہوگی، عبدالصمد انقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نام نہاد انتخابات محض ایک فوجی مشق ہے جس کا مقصد تنازعہ جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور عالمی برادری کو گمراہ کرناہے۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں بھارت کے ظلم، جبر، بربریت اور سفاکیت کی حکومت چل رہی ہے، جس کے تحت یہاں کی انسانی آبادی کے جملہ حقوق کو فوجی طاقت کی بنیاد پر سلب کر دیا گیا ہے۔
پیر عبدالصمد انقلابی نے بھارتی جیلوں میں قید جموں کشمیر کے مظلوم قیدیوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پر فرضی الزامات کے تحت قید کر لیا گیا ہے اور ان کی نظر بندیوں کو انتقام گیری کے پالیسی کے تحت طول دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کالے قانون جیسے ’’پی ایس اے‘‘ کے تحت آزادی پسند راہنماؤں اور کارکنوں کو بھارت کی مختلف ریاستوں کے جیلوں میں منتقل کرنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی کے حکمران جموں کشمیر کے لوگوں کے مطالبۂ حق آزادی کی بنیاد پر ان کو انتقام کا نشانہ بناکر جان بوجھ کر ہزاروں میل دور جیلوں میں منتقل کرکے ان کی تئیں نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے حریت پسند قائدین، کارکنوں اور دیگر ہزاروں حریت پسند لوگوں نے جیلوں میں نہ جانے کب اپنی سزا مکمل کرچکے ہیں، لیکن متعصب اور قابض حکمران انہیں رہا نہیں کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کے جبری فوجی قبضہ سے آزادی حاصل کرنے کے لئے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں، مگر بھارت اپنے نشۂ قوت میں مغرور ہوکر ہماری قربانیوں کو نظرانداز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی آزادی حاصل کرنے کے ساتھ ہی مسلمانوں کا قتل عام شروع کر دیا اور 5 نومبر 1947ء صوبہ جموں میں ایک ساتھ پانچ لاکھ سے زائد مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ دیا گیا اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک ہمارے چھ لاکھ سے زائد انسانوں کو بڑی بے رحمی اور بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا گیا۔ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ ہم شہداء جموں کشمیر کے مقدس خون کا سودا نہیں کریں گے اور نہ ہی ہم بھارت کے ظلم، جبر، بربریت اور سفاکیت کے آگے سرینڈر کریں گے۔
پیر عبدالصمد انقلابی نے لوگوں کو نام نہاد اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ جس قوم نے اتنی عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، وہ کسی بھی صورت میں ان لوگوں کو ووٹ نہیں دیں گے، جو بھارتی جبری قبضے کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی قوم سے غداری کرکے ہماری غلامی کی رات کو مزید طویل بنانے میں بھارت کے معاون اور مددگار بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن کے تحت جموں کشمیر میں انتخابات کروانا رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہیں، ہمیں بھارت کی جانب سے منعقد کرائے جانے والے تمام انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیئے، کیونکہ کسی بھی بھارت نواز فرد یا پارٹی کو ووٹ دینا شہداء جموں کشمیر کے مقدس خون کے ساتھ غداری ہے۔