بین الاقوامی
حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو ایران میں شہید کردیا گیا
ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے ایک محافظ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کے بعد شہید کر دیا گیا ہے۔
انقلابی گارڈ کور کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ بدھ کی صبح کیا گیا، اس نے مزید کہا کہ واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔بیان میں حماس رہنما کی موت پر فلسطین کے عوام، مسلم دنیا اور مزاحمتی محاذ کے جنگجوؤں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
حماس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک "اسرائیلی” چھاپے میں فلسطینی گروپ کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر شہید کر دیا گیا۔اس سے قبل منگل کو ہنیہ نے ایران کے نئے صدر کی حلف برداری میں شرکت کی تھی اور ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات کی تھی۔