ڈپٹی کمشنر خوشاب نے پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم 2024 کا افتتاح کیا
ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیررانا نے ڈی سی آفس میں پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم 2024 کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خالد عباس سیال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب اور اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اے شاہد شبیرڈار نے بھی ڈی سی آفس میں پودے لگائے۔
شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعدڈپٹی کمشنر ذیشان شبیررانا کا کہنا تھا کہ بحثیت پاکستانی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنے گھروں، حجروں و علاقے میں پودے لگاکر موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیاری کریں کیونکہ عالمی سطح پر بڑی تیزی سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہے جسکا ماحول پر اور انسانوں و حیوانات پر اثر ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا کے تمام ممالک اپنے جنگلات میں اضافہ کررہے ہیں لہذا ہمیں بھی موسمیاتی تبدیلیوں اور انکے اثرات سے نمٹنے کے لئے کثیر تعداد میں پودے لگانے ہونگے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے احکامات پر مون سون شجرکاری مہم جاری ہے اس میں عوام بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر اپنی ذمہ داری پوری کرے کیونکہ گرین پاکستان خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت ضلع خوشاب میں دو ہفتوں میں 11ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی ایف اوآغا حسین شاہ اور ڈی سی آفس کا سٹاف بھی موجود تھا۔