بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

خوشاب کے نامور اردو/ پنجابی شاعر، ولایت احمد فاروقی

خصوصی تحریر : راجہ نور الہی عاطف

اللہ تبارک و تعالی  کی ذات نے ضلع خوشاب کو وطن عزیز میں کئی حوالوں سے ممتاز مقام عطا کیا ہے ۔ علمی ،ادبی، صحافتی اور ثقافتی لحاظ سے خوشاب اپنی ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔ علم و ادب اور صحافت سے وابستہ خوشاب سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نامور ہوئی ہیں۔ انہی ممتاز علمی اور ادبی شخصیات میں ایک نام ولایت احمد فاروقی کا بھی ہے۔

لاہور میں مقیم علم و ادب کے سرمایہء افتخار ولایت احمد فاروقی کا آبائی تعلق خوشاب کے گاؤں کرپالکہ سے ہے۔

ممتاز شاعر ولایت احمد فاروقی نے ایک خصوصی نشست کے دوران بتایا کہ یہ بات 87_ 1986ء کی ہے کہ جب انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول خوشاب سے اے گریڈ میں میٹرک کا امتحان پاس کیا تو وہاں کے ادبی حلقوں اور شعراء کرام سے ان کا رابطہ اور شناسائی ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اشتیاق ہوا کہ میں شعر کہوں اور کیا وجہ ہے کہ میں شاعری نہیں کر سکتا ؟ اسی بنا پر اردو غزل کے چند اشعار لکھے اور بعد میں جلد علاقائی سطح پر پنجابی دوہڑہ میں طبع آزمائی کی اور یوں پنجابی ،اردو شاعری کا آغاز ہو گیا ۔ اولین تخلیقات شعراء کو سنائیں ۔ پذیرائی ملی۔ مشق سخن جاری رکھی ۔ اردو، پنجابی اور سرائیکی کے علاقائی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی مشاعروں میں جانے کے مواقع ملنے لگے ۔ تعلیمی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اردو اور بی ایڈ کی ڈگریاں حاصل کیں۔

ولایت احمد فاروقی نے بتایا کہ انہوں نے بحیثیت معلم ضلع خوشاب میں فرائض منصبی سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ علمی، ادبی اور سماجی خدمات جاری رکھیں ۔ پنجابی میں تخلیقی سفر جاری ہے ۔ اردو میں غزلیں، نظمیں ،ہائیکو ،قطعات ،نغمات اور پنجابی زبان کی اصناف غزل، نظم، دوہڑہ، گیت، قطعات، ماہیا اور سہ حرفی لکھ چکا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ انکے پنجابی دوہڑے پنجاب کے معروف فنکار طالب حسین درد اور دیگر گلوکار گا چکے ہیں جن کی کیسٹیں موجود ہیں۔ ادبی تنظیموں کے حوالے سے بزم فکر و فن خوشاب ،سانول سنگت پاکستان ،تنظیم الفجرآل پاکستان، یوتھ فیڈریشن اور مجلس شہباز پاکستان کے پلیٹ فارم سے ان کی مختلف علمی، ادبی اور سماجی خدمات جاری ہیں ۔ ولایت احمد فاروقی نے بتایا کہ ان ادبی تنظیموں کے پلیٹ فارمز سے تقاریب اور کئی ایک پروگرامز آرگنائز کیے ہیں ۔ 2000ء میں تخلیقی اور ادبی سفر کا دوسرا حصہ شروع ہوتا ہے جب بسلسلہ روزگار خوشاب سے لاہور مقیم ہونا پڑا اور تب سے پنجاب کے دل اور داتا کی نگری میں قیام پذیر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع خوشاب کی تاریخ پنجابی زبان میں امتیاز حسین امتیاز کی تصنیف پنجابی ادب بورڈ ،لاہور نے شائع کی جس میں میرا تعارف اور کلام مع تصویر شامل ہے ۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ ڈگری کالج جوہرآباد کے پروفیسر بدر منیر الدین بدر نے ضلع خوشاب کے ادیبوں اور شاعروں کی اپنی کتاب” دیدہ ء خوشاب” میں بھی میرا تعارف کلام اور تصویر شائع کی ہے۔

ولایت احمد فاروقی کے مطابق میری اردو اور پنجابی کلام پر مشتمل تصانیف طباعت کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ ولایت احمد فاروقی نے انٹرنیشنل ادبی تنظیم شریف اکیڈمی جرمنی کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان کی حیثیت سے ملک بھر میں اس تنظیم کی فعالیت کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے ۔ بر سبیل تذکرہ ان کی زیر نگرانی راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف) کو بطور ڈائریکٹر میڈیا شریف اکیڈمی جرمنی چیپٹر ڈسٹرکٹ خوشاب مقرر کیا گیا ۔ جناب ولایت احمدفاروقی نے اپنی اعلی ا اخداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لاہور کے علم و ادب کے میدان میں خوب نام کمایا ہے ۔ آپ لاہور کی اکثر علمی اور ادبی نشستوں میں زینت محفل ہوتے ہیں۔

آپ کا حلقہ ء احباب بہت وسیع ہے ۔ اپنی ہردلعزیز ،پروقار، ملنسار ،خوش اخلاق اور ہنس مکھ شخصیت کی وجہ سے ولایت احمد فاروقی علمی، ادبی اور صحافتی حلقوں میں یکسر مقبول ہیں ۔ انہوں نے خوشاب میں اپنے قیام کے دوران یہاں کے معروف ہفت روزہ اخبار نوائے جوہر اور ہفت روزہ اخبار رفیق خوشاب کے لیے گرانقدر صحافتی خدمات سر انجام دیں۔

جناب ولایتچاحمد فاروقی ایک عرصہ تک ملک کے معروف میڈیا گروپ نواءے وقت کے زیر اہتمام چلنے والے وقت نیوز ٹی وی کے لیے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔ آپ سدا بہار شخصیت کے مالک ہیں ۔ اللہ تبارک و تعالی ا کے حضور دعا ہے کہ خوشاب کا یہ درخشندہ ستارہ یونہی لاہورکے آسمان علم پر دمکتا رہے ۔ آمین

اشتہار
Back to top button