بارشیں، صوبائی حکام کو این ڈی ایم اے کیساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت
ہائوسنگ اور تعمیرات کے وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے صوبائی حکام کو قومی ہنگامی امدادی ادارے کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال کا فوری اور موثر سدباب کیا جاسکے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے نظام اور وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کی تشکیل پر زور دیا۔
اس موقع پر پنجاب اور سندھ کے ہنگامی امدادی اداروں کو دریائوں میں پانی کی سطح کی نگرانی جاری رکھنے ، آبی گزرگاہوں اور دریا کے کناروں پر تجاوزات ختم کرنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی رابطہ کار رومینہ خورشید عالم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے موثر انتظام کے لئے معیاری لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی جسے آئندہ اجلاس میں وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔