بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پہلا چار روزہ میچ : پاکستان شاہینز کے بنگلہ دیش اے کے خلاف 2 وکٹوں پر 375 رنز

پاکستان شاہینز نے اپنے بیٹرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 375 رنز بنائے تھے اور اس کے صرف 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

پہلے دن کھیل کی خاص بات محمد ُہریرہ کی شاندار سنچری تھی۔ وہ 161 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
انہوں نے پہلی تین وکٹوں کے لیے صاحبزادہ فرحان ۔ عمرامین اور کامران غلام کے ساتھ سنچری پارٹنرشپ بھی قائم کی۔

ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی ۔ کپتان صاحبزادہ فرحان اور محمد ہریرہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز کے ذریعے ٹیم کو ُپراعتماد آغاز فراہم کیا۔

22 سالہ محمد ہریرہ نے 203 گیندوں پر 161 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی9 ویں سنچری ہے۔
یاد رہے کہ محمد ہریرہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بھی اسکور کرچکے ہیں۔

صاحبزادہ فرحان دس چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔
محمد ہریرہ نے عمرامین کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 118 رنز کا اضافہ کیا۔

عمرامین آٹھ چوکوں کی مدد سے54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد ہریرہ اور کامران غلام کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنے۔

کامران غلام 74 رنز اسکور کرکے ناٹ آؤٹ ہیں۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل ہیں۔
بنگلہ دیش اے کی جانب سے ریپون مونڈل نے 59 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان شاہینز اسوقت آسٹریلیا کے دورے پر ہے ۔ وہ ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچ کھیلنے کے بعد دو ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلے گی۔

اشتہار
Back to top button