تحریک انصاف نے آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی
سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف نے آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے 38 آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست جمع کرائی، اراکین اسمبلی کی فہرست کے ساتھ اضافی دستاویز بھی منسلک کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے تین آزاد ارکان کے بیان حلفی تاحال جمع نہیں کرائے، صاحبزادہ محبوب سلطان، مبین عارف اور ریاض فتیانہ بیرون ملک ہیں، ان تین ارکان کے پارٹی وابستگی فارم آج جمع کرا دیں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو آئینی جماعت قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کالعدم قراردے دیے تھے۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو الاٹ کی جائیں جبکہ تحریک انصاف کو ہدایت کی تھی کہ اپنے اراکین کی فہرست حلف ناموں کے ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جائے۔