بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ارجنٹائن نے 16ویں مرتبہ کوپا امریکن فٹبال کپ کا ٹائٹل جیت لیا

امریکی شہر میامی میں کھیلے جانے والے کوپا امریکا فائنل میں کولمبیا اور ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں ارجنٹینا نے 0-1 سے کولمبیا کو شکست دے دی۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں جبکہ دوسرے ہاف کے 64ویں منٹ میں ٹخنے کی انجری کے باعث کپتان لیونل میسی کو میدان سے باہر جانا پڑا اور اس اہم موقع پر ٹیم کے ساتھ نہ کھیلنے پر میسی بینچ پر روتے رہے۔مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں اور میچ ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا جس میں دونوں ٹیم کے کھلاڑی اس وقت کافی تھکان کا شکار نظر آئے جس کا فائدہ متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے لوٹارو مارٹینیز نے اٹھایا، انہوں نے ایکسٹرا ٹائم کے 112ویں منٹ میں گول اسکور کردیا جوکہ ارجنٹینا کی فتح کا پروانہ ثابت ہوا۔

ارجنٹینا دو کوپا امریکا ٹرافی کے درمیان ایک فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے، اس کے علاوہ میسی ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، وہ 9 بار بین الاقوامی فائنلز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کولمبیا کے جیمز روڈریگوئز کو دیا گیا جبکہ بہترین گول کیپر ارجنٹینا کے ایمی مارٹینیز قرار پائے۔اس سے قبل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021ء کے کوپا امریکا فائنل میں برازیل کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، اس کے بعد 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں فرانس کو شکست دی اور اب کوپا امریکا 2024ء جیت کر میسی نے اپنے کریئر میں ایک اور بین الاقوامی ٹرافی کا اضافہ کرلیا ہے۔یہ ارجنٹینا کا 16واں کوپا امریکا ٹائٹل ہے۔

اشتہار
Back to top button