بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ایران صدارتی انتخابات، کوئی امیدوار مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کرسکا، دوبارہ ووٹنگ ہو گی

ایران میں قبل از وقت ہونے والے صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نا کرسکا جس کے بعد دوبارہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار کو اکثریت (50 فیصد ووٹ) نا ملنے کے باعث ایران میں 5 جولائی کو دوبارہ صدارتی الیکشن منعقد ہونگے، صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مسعود پزیشکیان اور  سعید جلیلی میں مقابلہ  ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کل ہونے والے انتخابات میں جو نتائج سامنے آئے ہیں ان میں مسعود پزیشکیان تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ ووٹ لیکر سب سے آگئے رہے جب کہ ان کے مضبوط حریف سعید جلیلی نے تقریباً  95 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔ایران کے صدارتی الیکشن میں محمد باقر 34 لاکھ ووٹ لیکر تیسرے نمبر  پر ہیں جبکہ مصطفیٰ پور محمدی محض 2 لاکھ سے کچھ زائد ووٹ حاصل کرسکے۔

ایرانی الیکشن کمیشن کے مطابق 28 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا جب کہ 2021 میں ہونے والے الیکشن میں ٹرن آؤٹ 48 فیصد تھا، صدارتی انتخابات میں 2 کروڑ 45 لاکھ ووٹوں کی گنتی مکمل کی گئی۔

ایرانی صدارت کیلئے سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پزیشکیان اور مصطفیٰ پور محمدی کے درمیان مقابلہ تھا مگر  50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرسکنے کے  بعد اب ایران میں 5 جولائی کو صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں دوبارہ ووٹ ڈالے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے باعث ایران میں قبل از  وقت انتخابات منعقد ہوئے تھے۔صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیے  سمندری طوفان میگی نے تباہ مچادی، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی
Back to top button