بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے قرارداد پاکستان کے امور داخلہ میں غیر ضروری مداخلت ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے قرارداد پاکستان کے امور داخلہ میں غیر ضروری مداخلت ہے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی کانگرس کو پاک امریکا تعلقات میں مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے، پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل امریکا کے ایوان نمائندگان نے 8 فروری 2024 کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کے بعد ہیر پھیر کے دعووں کی غیر جانبدار تحقیقات کے حق میں قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے ملک کے جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت پر زور دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے رضوان سعید کو واشنگٹن میں نیا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عاصم افتخار کو نیویارک اقوام متحدہ میں پاکستان کا ایڈیشنل مستقل مندوب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عاصم افتخار مناسب وقت پر مستقل مندوب کا عہدہ سنبھالیں گے، تقرریوں کا اعلان معمول کے مطابق ہے، تعیناتیاں متعدد ہفتوں سے زیر غور تھیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جمہوری حقوق کی عدم فراہمی پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند ہونا چاہیے، پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان یقینی بنائےکہ وہ اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنےکی اجازت نہیں دے گا۔

مزید پڑھیے  قانون کی عمل داری کی جدوجہد سب سے فوری چیلنج،وزیراعظم

واضح رہے کہ 26 جون کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان شوریٰ کے اہم کمانڈر نصراللہ کو گرفتار کیا تھا، گرفتار کمانڈر نے انکشاف کیا تھا کہ افغان حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان اٹھارہویں اسٹریٹیجک مذاکرات 26 جون کو ہوئے۔

Back to top button