بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

عوام سے آئندہ اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل، عبدالصمدانقلابی

اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر حریت پسند رہنما عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیر کے عوام سے آئندہ اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم یکسوئی سے خودکو اس عمل سے دور رکھے۔

تنظیم کے چیئرمین عبدالصمدانقلابی نے بائیکاٹ کی اپیل کرتےہوئے کہا ہے کہ 77 سال سے انتخابی ڈھونگ رچانے کے باوجود جموں کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ذی شعور کشمیری عوام جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال سے مطمئن نہیں ہے۔ نہتے جموں کشمیر کے لوگوں کی نسل کشیُ ، انتظامی استحصال اور عوام کودرپیش مسائل اوران کی مشکلات کا حل اگر انتخابات ہوتے تو 77 سال سے یہ ڈھونگ رچایا جارہا ہے تاہم جموں کشمیر کے عوام پر مظالم اور ان کو درپیش مشکلات میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

سینِرحریت پسند رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ اگرچہ انتخابات کو جمہوری عمل کا ایک اہم ترین حصہ تصور کیا جاتاہے تاہم جس خطے کے عوام جمہوریت سے بالکل بھی روشناس نہ ہوں، جن کو ہر وقت جمہوریت کی بقا میں چنگیزیت اور سفاکیت کا سامنا کرنا پڑا ہو، جہاں ہر جمہوری اقدام کو قابض طاقتوں نے صرف اپنے غیر قانونی تسلط کو مضبوط کرنے کےلئے استعمال کیا ہواور جہاں پہلے سے تعینات 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجی نہتے جموں کشمیر کے لوگوں کو زیر کرنے میں ناکامی کے بعد اس ”جمہوری عمل“ کےلئے مزید سینکڑوں بٹالین فوج منگوائی گئی ہوں وہاں بندوقوں کے سائے میں انتخابات کا انعقاد ایک فوجی کارروائی کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

حریت پسند رہنما عبدالصمد انقلابی کا کہنا تھا کہ بڑے فوجی آپریشن کو انتخابات کے خوبصورت لباس میں پیش کرنے سے اس کی خصلت اور اس کی اصلیت تبدیل نہیں ہوسکتی ہے۔

پیر عبدالصمدانقلابی نے جموں کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ جس قوم نے اپنا حق حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہوں اس کے پاس غاصب اور قابض طاقتوں کے سیاسی ڈراموں کا حصہ بننے کا کوئی اخلاقی یا اصولی جواز نہیں۔

عبدالصمد انقلابی نے سوال کیا ہے کہ جن سیاسی ایوانوں میں جموں کشمیر کے لوگوں کےخلاف قانون سازی اور انکا گلاگھوٹنے کےلئے قراردادیں منظورکروائی جارہی ہوں اُس اسمبلی یا پارلیمنٹ میں جانے کا آخر کیا جواز ہے؟

عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارت نواز سیاست داں جموں کشمیر کے لوگوں کی اکثریت کی طرف سے انتخابی ڈھونگ کے بائیکاٹ کے بعد دو فیصد سے بھی کم ووٹ حاصل کر کے اپنی جیت کا جشن مناتے ہیں۔ جموں کشمیر کے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کیلئے نت نئے ڈراموں کاحوالہ دیتے ہوئے عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی استعمار کے یہ مقامی چہرے لاکھ کوششوں کے باوجود اپنی حرص ،لالچ اور خونین ہاتھوں کو چھپا نہیں سکتے اور جموں کشمیر کے عوام اُن کوحاصل اختیارات اور اُن کی جی حضوری سے اچھی طرح واقف ہے۔

عبدالصمد انقلابی کا کہنا تھا کہ بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں سینکڑوں لوگوں کا قتل عام، دینی، سیاسی اور سماجی تنظیموں پر پابندی اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین، 5 اگست 2019ء انہیں بھارت نواز سیاست دانوں کی دین ہیں۔

عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیر کے عوام سے کہا ہے کہ آج تمام بھارت نواز سیاست دان ایک بار پھر ووٹوں کے حصول کیلۓ جموں کشمیر کے عوام کو دلکش خواب دکھا رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام شہداء کی قربانیاں ہمیں کسی بھی انتخابی ڈھونگ کا حصہ بننے سے روکتی ہیں جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی برائے اسلام کیلۓ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اشتہار
Back to top button