بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

معاشرے میں نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار نہیں، معاشرے میں نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے، اور سیاسی جماعتیں اپنی انا کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

کراچی کے علاقے لیاری میں بےنظیربھٹو کی سالگرہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بےنظیربھٹو کی سالگرہ کراچی میں مناکر خوشی ہورہی ہے، خوشی ہے کہ بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کراچی کے عوام کے ساتھ منارہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تین نسلوں سے اس شہر اور عوام کے لیے جدوجہد کی ہے، لیاری کے عوام بےنظیربھٹو کے لاڈلے تھے، اس شہر کے عوام نے شہادتیں قبول کیں،لیکن شہید بی بی کو تنہا نہیں چھوڑا، بےنظیربھٹو کو لیاری کے عوام نے کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 3 نسلوں سے کراچی اور عوام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، کراچی کی ترقی کے لیے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہدکرنا چاہتا ہوں، عوام نے تیسری بار پیپلزپارٹی پراعتماد کرتے ہوئے ہمیں منتخب کرایا، ہمیں عوام کی امیدوں کے مطابق کام کرنا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سے کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے توجہ دینے پر زور دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میں امن کے مسئلے پر وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم محنت کر رہی ہے، ہمیں نتائج نظر آرہے ہیں، ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، عوام کو جو بل ملتا ہے وہ ادا نہیں کر سکتے، جبکہ عوام کا بجلی پہنچانے والے اداروں پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔

مزید پڑھیے  ریکوڈک کیس، لندن ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بجٹ میں ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے، نئے منصوبے سے غریب عوام کو مفت سولر کی سہولت دیں گے، جو لوگ استطاعت رکھتے ہیں ان کو سبسڈائزڈ ریٹ پر سولر پینل فراہم کریں گے اور 5 سال میں سولر منصوبے کو پورے سندھ میں پھیلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہے، حکومت سندھ دن رات محنت کرے گی کہ ایسے منصوبے لائیں جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جہاں ایک طرف معاشی مشکلات ہیں وہاں سیاسی بحران بھی ہے، اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار نہیں، معاشرے میں نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے، اور سیاسی جماعتیں اپنی انا کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات اور مشکلات آپ کے سامنے ہیں، حکومت وقت کوشش کر رہی ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالا جائے، ہم نے مشکل وقت میں مل کر ملک کی معیشت کو سنبھالنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں بہتر ہوتا کہ حکومت تمام اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی، اگر بجٹ میں پی پی کی رائے موجود ہوتی تو بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے تھے، اس وقت ہمارے نمائندے اسلام آباد میں موجود ہیں، وہ ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ شہباز شریف سے پوری امید ہے اور ان کی نیت صاف ہے کہ پیپلزپارٹی سے کیے وعدے پورے کریں گے۔

مزید پڑھیے  کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کی تاریخ کا اعلان
Back to top button