بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

فین کے ساتھ جھڑپ کے معاملے پر  چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ساتھی کھلاڑی حارث رؤف کے حق میں بول پڑے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ جو واقعہ ہوا اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے واقعات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔

محسن نقوی نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں جو ملوث ہیں وہ فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔فین کے ساتھ جھڑپ کے معاملے پر ساتھی کھلاڑی شاداب خان، شان مسعود، جنید خان اور حسن علی نے بھی ایکس پرحارث رؤف کے حق میں بیان دیا ہے اور سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی حارث رؤف کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ فینز کو کھلاڑیوں کی ذاتی زندگی کا احترام کرنا چاہیے، کھلاڑیوں کی ذاتی زندگی اور پروفیشنل زندگی کی حدود کا احترام لازم ہے۔حسن علی نے کہا کہ میں نے حارث رؤف کی وائرل وڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی، فینز  سے کہوں گا کہ تنقید حق ہے مگر تنقید جائز طریقے سے کی جائے، کھلاڑیوں کے ساتھ احترام اور ان کی فیملی کا لحاظ کیا جائے، ہم سب پاکستان کرکٹ کی بہتری کے خواہش مند ہیں۔

جنید خان نے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تنقید سب کا حق ہے مگر گالی دینا اور ذاتی زندگی میں مداخلت کسی کا حق نہیں۔شان مسعود نے بھی کھلاڑیوں کے ساتھ نا مناسب زبان کے  استعمال کو قابل مذمت قرار دیا۔

شاداب خان نے کہا کہ تنقید فینز کا حق ہے، ہم اس سے سیکھتے ہیں،کسی کو یہ حق نہیں کہ فیملی کی موجودگی میں حملہ کرے، اگر آپ کی فیملی کے سامنے کوئی آپ پر ذاتی حملہ کرے تو آپ کو کیسا محسوس ہوگا؟

واضح رہے کہ فلوریڈا میں قومی کرکٹر حارث رؤف کی فین کے ساتھ الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں حارث رؤف اور فین کے درمیان فوٹو بنانے کے لیے تکرار ہوئی۔حارث اپنی اہلیہ کے ساتھ تھے کہ مبینہ طورپر فین نے انہیں گالی دی، جس پر حارث اسے مارنے کےلیے دوڑے، اہلیہ اور دیگر فینز نے بیچ بچاؤ کروادیا۔

اشتہار
Back to top button