بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نیپال کو شکست دیکر سپر ایٹ مرحلے میں داخل، سری لنکا نے نیدرلینڈز کو شکست دیدی

ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے نیپال کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ سری لنکا نے باآسانی نیدرلینڈز کو بآسانی شکست دے دی۔سینٹ ونسنٹ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بنگلہ دیش کی ٹیم اننگز کی پہلی ہی گیند پر تنزید حسن کی وکٹ گنوا بیٹھی اور اس کے بعد پوری بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہو کر 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی بلے باز 20 رنز بھی نہ بنا سکا اور شکیب الحسن 17 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔نیپال کے سندیپ لمیچین ، سومپل کامی، دپیندر سنگھ اور روہت پوڈل نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ایک بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کا نیپال کے لیے مشکل نظر نہ آتا تھا لیکن تنظیم حسن کے تباہ کن اسپیل نے میچ کا پانسہ بنگلہ دیش کے حق میں پلٹ دیا۔

تنظیم کا ابتدائی اسپیل دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا اور انہوں نے ابتدائی چار اوورز میں سے دو میڈن کرائے اور 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نیپال کی ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کردیا جبکہ مستفیض نے بھی آصف شیخ کا کام تمام کردیا۔26 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد نیپال کے کوشال ملا اور دپیندر سنگھ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں نے بالترتیب 27 اور 25 رنز کی باریاں کھیل کر چھٹی وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑ کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔

مزید پڑھیے  فیفا ورلڈ کپ، نیدرلینڈز نے آخری لمحات میں دو گول سکور کرکے سینیگال کیخلاف بازی جیت لی

لیکن اس مرحلے پر مستفیض نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے وکٹ پر سیٹ دونوں بلے بازوں کو چلتا کردیا جبکہ شکیب نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر نیپال کی بساط 85 رنز پر لپیٹ دی۔تنظیم نے چار، مستفیض نے 7 رنز کے عوض 3 جبکہ شکیب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش نے میچ میں 21 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔تنظیم حسن کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو باآسانی شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں ان کا سفر بھی اختتام پذیر ہوا۔نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور سری لنکا نے 20 اوورز میں اسکور بورڈ پر 201 رنز کا مجموعہ سجا دیا۔چارتھ اسالانکا نے 21 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 46، کوشل مینڈس نے 29 میں 46 جبکہ دھننجیا ڈی سلوا نے 34 اور اینجلو میتھیوز نے 15 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔مائیکل لیوٹ اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 31، 31 رنز کی باریاں کھیلیں لیکن سری لنکن باؤلرز کے سامنے بقیہ بیٹنگ لائن زمین بوس ہو گئی۔سری لنکا کے نووان تھسارا نے تین جبکہ کپتان ونندو ہسارنگا اور متھیشا پتھیرانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا نے میچ میں 83 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

مزید پڑھیے  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، ریلی روسو کی سنچری، بنگلہ دیش کو جنوبی افریقہ ہاتھوں بڑی شکست
Back to top button