بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 15 کروڑ ڈالرز فنڈز کی منظوری دے دی

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 15 کروڑ ڈالرز فنڈز کی منظوری دے دی، رقم پنجاب میں لڑکوں اور لڑکیوں کی پرائمری تعلیم پر خرچ ہوگی۔عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 15 کروڑ ڈالرز فراہم کرنے کی منظوری دی۔عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، فنڈز کے استعمال سے 50 لاکھ بچوں کو فائدہ ہوگا۔

پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہیسین نے کہا ہے کہ یہ رقم لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم اور گریڈز کی بہتری کے لیے خرچ ہوگی، اس منصوبے سے 50 لاکھ بچے، 7 ہزار ہیڈ ماسٹرز اورایک لاکھ 65 ہزار ٹیچرز براہ راست مستفید ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسکولوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے یہ منصوبہ مددگار ثابت ہوگا، رقم پاکستان کو جلد فراہم کی جائے گی جس کے بعد منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 4 روز قبل عالمی بینک کی جانب سے داسو ڈیم کے لیے ایک ارب ڈالرز اضافی فنڈنگ کی منظوری دی گئی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے داسو ڈیم کے لیے فنڈنگ کی منظوری دی گئی، فنڈز داسو ہائیڈرو منصوبے کے فیز ون پر خرچ کیے جائیں گے۔عالمی بینک کے مطابق منصوبے سے بجلی کی سپلائی میں بہتری اور توسیع ہوگی، منصوبے سے عوام کو سماجی و معاشی سہولیات تک رسائی ہوگی۔عالمی بینک نے بتایا کہ داسو ہائیڈرو منصوبہ پاکستان کے لیےگیم چینجر ثابت ہوگا، منصوبے سے پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہوگی۔عالمی بینک کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے پر 4320 میگا واٹ سے 5400 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، پہلےمرحلے میں بجلی کا پیداواری تخمینہ 2160 میگا واٹ ہے۔

مزید پڑھیے  حکومت پنجاب ہنر مند افرادی قوت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اعجاز احمد
Back to top button