بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

کشمیری سیاسی نظربندوں کی عید الاضحیٰ سے قبل رہائی کا مطالبہ عبدالصمد انقلابی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینیر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ عبدالصمد انقلابی نے مقبوضہ جموں کشمیراور بھارت کی مختلف جیلوں میں بند کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عیدالاضحی سے پہلے پہلے انکی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے ترجمان کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سری نگر سے جاری پرنٹ میڈیا کے نام ایک تحریری پیغام میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت سینکڑوں حریت رہنماؤں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیلوں میں نظر بند رکھا گیا ہے جبکہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ، ڈاکٹر شفیع شریعتی اور غلام قادر بٹ سمیت 50 سے زائد کشمیری مختلف جیلوں میں عمر قید کی زندگی گزار رہے ہیں۔ سینئر حریت پسند رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ اگرچہ زیادہ تر نظربندوں پر لاگو کالا قانون پی ایس اے ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیا ہے لیکن رہا کرنے کے بجائے ان پر دوبارہ مذکورہ قانون لاگو کیا گیا ۔ عبدالصمد انقلابی نے مزید کہا کہ حریت پسند رہنماﺅں کی غیرقانونی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے۔

عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارت کشمیری حریت پسند نظر بندوں کے ساتھ جیلوں میں مجرموں جیسا سلوک کر رہا ہے یہاں تک کہ انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیے  موسم پر بھی بھارت نے اپنا حق جتا دیا

تنظیم کے چیئرمین اور سینئر حریت پسند رہنما عبدالصمد انقلابی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔

Back to top button