بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، افغانستان نے نیوزی لینڈ کو اپ سیٹ شکست دیدی، بنگلہ دیش نے سری لنکا کو زیر کرلیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چودہویں میچ میں افغانستان نے ایک اور اپ سیٹ کردیا،    160 رنز کے دفاع میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 75 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔نیوزی لینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا،  افغان اوپنرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر  159 رنز اسکور کیے۔ابراہیم زدران نے41 بالز پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 56 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔افغانستان کی پہلی وکٹ 14 ویں اوور میں 103 رنز پر گری جب ابراہیم زدران کو  میٹ ہینری نے بولڈ کیا۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عظمت اللّٰہ عمر زئی تھے وہ 13 گیندوں پر 22 رنز بنا سکے، ان کے بعد آنے والے محمد نبی کھاتہ کھولے بغیر واپس پویلین چلے گئے، کپتان راشد خان 6 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے گلبدین نائب کوئی رن نہ بنا سکے جبکہ کریم جنت اور نجیب اللّٰہ زردان ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2 ، 2 وکٹیں لیں جبکہ فرگوسن ایک وکٹ حاصل کر سکے۔افغانستان کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کے گلین فلپس 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور میٹ ہینری 10 رنز اسکور کر پائے، جبکہ بقایا کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی بیٹر دو ہندسوں میں داخل نہیں ہو پایا۔نیوزی لینڈ کے خلاف 160 رنز کے دفاع میں افغان بولر فضل حق نے 3.2 اوورز میں 17 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان نے بھی اپنے 4 اوورز میں 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔محمد نبی نے 4 اوورز میں 16 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نور احمد اور نوین الحق کوئی وکٹ حاصل نہ کرپائے۔

دوسری جانب ورلڈ کپ کے پندرہویں میچ میں  بنگلا دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دیدی۔ ڈیلاس کے گرانڈ پریئری کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں بیٹھر پیتھم کے 47 رنز کی مدد سے  9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کیے۔بنگلا دیش نے مقررہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوور میں پورا کر لیا۔

سری لنکا کے اوپننگ بیٹر پیتھم نسانکا نے 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دھننجے ڈی سلوا 22، چارتھ اسلانکا 19، اینجلو میتھیوز 16 اورکشال مینڈس 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔بنگلادیشی بولر مستفیظ الرحمان نے 4 اوورز میں 17 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کی جبکہ ریشاد حسین نے بھی 22 رنز دیکر 3 ہی وکٹیں حاصل کیں۔بنگلادیشی بولر تسکین احمد 2 اور تنظیم حسن ثاقب 1 کھلاڑی کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز  تنزید حسن اور سومیہ سرکار نے کیا لیکن دونوں اوپنرز 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے، لٹن داس نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ توحید ہری دوئے نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے۔

نجم الحسن شنٹو، کپتان شکیب الحسن، راشد حسین اور تسکین احمد جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم محمود اللہ نے پریشر میں 16 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔  سری لنکاکے نوان تشارا نے 18رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ونندو ہسارنگا نے دو اور متھیشا اور دھننجایا ڈی سلوانے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ریشاد حسین کو بہترین بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اشتہار
Back to top button