بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، 9 مئی کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ایک بار پھر 9 مئی کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ 9 مئی کے مجرموں کے خلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال  رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور خود مختاری کیلئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خرا ج عقیدت پیش کیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا کہ فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کے لیے اُبھرتے چیلنجز سے آگاہ کیا گیا اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

فارمیشن کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، پراپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے، مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے لیکن اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی ۔

مزید پڑھیے  آرمی چیف کا سیلاب زدہ علاقے روجھان کا دورہ

آئی ایس پی آر  اعلامیے کے مطابق پراپیگنڈہ کرنے والوں کی پشت پناہی غیر ملکی اسپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعےکی جاتی ہے، اس پشت پناہی کا مقصد ہےکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو امن وترقی سے دور رکھا جا سکے۔

فورم نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیاری تربیت کے ساتھ انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور  فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔

فورم نے ملکی سلامتی اور استحکام کو درپیش خطرات کو قوم کی مکمل حمایت سے ناکام بنانے کا اعادہ کیا اور یوم تکبیر پرپاکستان کو حاصل اہم سنگ میل اور خطے پر اس کے مستحکم اثرات کو سراہا۔

فارمیشن کمانڈر کانفرنس نے افغانستان کی سرحد سے مسلسل خلاف ورزیوں، افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ دشمن پاکستان کےاندر سکیورٹی فورسز، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانےکیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آڑ کے مطابق فورم نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشتگردی کو فیصلہ کن شکست دینےکیلئے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ بیرونی طور پر پراپیگنڈہ کرنے والوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

مزید پڑھیے  ایم کیو ایم کی درخواست مسترد، کراچی، حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہونگے

فورم نے مشرقی سرحد پر موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور  مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے تازہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیےکشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل  یکجہتی کا اظہار کیا۔

فارمیشن کمانڈر کانفرنس نے بھارت میں سیاسی مقاصد کےحصول کے لیے بڑھتے فاشزم میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی  کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی اور غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز  روکنے کیلئے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پائیدار اقتصادی ترقی اور غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا عزم کیا اور اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری روکنےکیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا عزم کیا۔

فورم نے وَن ڈاکیومنٹ رجیم کیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کاعزم  کیا اور غیرقانونی غیرملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی کیلئے حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

Back to top button