محسن نقوی کا زیر تعمیر اسلام آباد جیل کا دورہ، منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیدیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیکٹر ایچ سولہ میں زیر تعمیر جیل کا معائنہ کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو جیل کی تعمیر کے پہلے مرحلےکو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو تعمیراتی سرگرمیوں پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تیرہ برس تک منصوبے کو لٹکائے رکھنا صریحا نااہلی ہے۔ دن رات کام کر کے جیل کی تعمیر کا کام ٹائم لائن میں مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ وزیر نے ہدایات دی کہ ضروری عملے کی تعیناتی کے عمل کو بھی فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے وسائل کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اسلام اباد میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ سن 2011ء میں شروع ہوا۔ لیکن کئی برس کے بعد بھی اس منصوبے کو مکمل نہیں کیا جاسکا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے مزید بتایا کہ اس جیل میں 2 ہزار قیدی رکھنے کی گنجائش ہو گی۔ جبکہ مزید 2 ہزار قیدی رکھنے کی گنجائش بڑھائی جا سکے گی۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔