اگر میں صدر ہوتا تو اسرائیل پر کبھی حملہ نہ ہوتا، ڈونلڈ ٹرمپ
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے خلاف ایران کے جوابی حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر میں صدر ہوتا تو اسرائیل پر ایران کا حملہ نہ ہوتا‘۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان اپنے ’ٹروتھ‘ نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرتے ہوئے دیا۔انہوں نے لکھا کہ ’اسرائیل پر حملہ ہوا ہے، ایسا کبھی نہیں ہونے دیا جانا چاہیے تھا،اگر میں صدر ہوتا تو ایسا کبھی نہیں ہوتا‘۔
اسرائیلی دفاعی افواج نے دعویٰ کیا کہ ایران سے 200 سے زیادہ میزائل اور ڈرون فائر کیے گئے اور جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنا دیا ہے، تاہم ایرانی حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، صرف ایک فوجی اڈے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔بعدازاں اسرائیلی وزیراعظم اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بائیڈن نےنیتن یاہو کو امریکا کی غیرمتزلزل اور مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
یاد رہے یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے بعد ایران نے اسرائیل پر جوابی حملے سے خبردار کیا تھا۔یکم اپریل کو اسرائیل کی جانب سے شام میں ایرانی قونصل خانے پر میزائل حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔