انتخابی نتائج سے متعلق تمام فارمز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 45، فارم 46، فارم 48 اور فارم 49 اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان قانون کے مطابق یہ فارم پولنگ ہونے کے بعد 14 روز کے اندر جاری کرنے کا پابند ہوتا ہے۔8 فروری 2024 کو منعقدہ انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن 22 فروری تک اپنی ویب سائٹ پر انتخابات سے متعلق یہ اہم دستاویزات جاری کرنے کا پابند تھا جب کہ یہ اقدام انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔الیکشنز ایکٹ 2017 کا سیکشن 95 ریٹرننگ افسران کو پابند کرتا ہے کہ وہ ووٹوں کو یکجا کرنے کے 24 گھنٹوں کے اندر جامع انتخابی نتائج الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، اس کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس ان دستاویزات کو عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے انتخابات کے بعد 14 دن کا وقت ہوتا ہے۔
اب مقررہ قانونی مدت گزرنے کے 12 روز بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات 2024 کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 45، فارم 46، فارم 48 اور فارم 49 اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیے ہیں۔ان فارمز ہر حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ڈالے گئے ووٹوں، امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں، تمام پولنگ اسٹشینوں کے مشترکہ ووٹوں اور تمام امیدواروں کی جانب سے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد کے علاوہ مسترد ووٹوں اور بیلٹ پیپرز کے سیریل نمبرز سمیت دیگر معلومات درج ہوتی ہیں۔