بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کی دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو مبارکباد

2024 حکومت پاکستان کی مددسے عافیہ کی رہائی کا سال بن سکتا ہے

گلوبل عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے پر اس دعا کے ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے حلف کی پاسداری، عہدے کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھنے، آئینی اختیارات کو استعمال کرنے کا حوصلہ، عافیہ اور عافیہ جیسے مظلوم شہریوں کے تحفظ کا دینی، آئینی اور اخلاقی فریضہ ادا کرنے کی توفیق اور سعادت عطا فرمائے۔

عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسمتھ نے عزم کیا ہے کہ 2024کو عافیہ کی رہائی کا سال بنائیں گے مگر اس مقصد کے حصول کے لیے انہیں حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں آپ نے اپنے پہلے دور حکومت میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے وزارت خارجہ کو اقدامات کرنے کے جو احکامات دیئے تھے اس کا سلسلہ آپ کے دوسرے دور حکومت میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی امید کرتی ہوں کہ اپنی بہن عافیہ سے امریکی جیل میں ملاقات کرنے کا جو سلسلہ آپ کے پہلے دور حکومت میں شروع ہوا تھا وہ بھی جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ نگراں دور حکومت میں ڈاکٹر عافیہ سے جیل میں دوسری ملاقات دونوں بہنوں کے لیے انتہائی اذیتناک ثابت ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیر اعظم اپنے دفتر کا چارج سنبھالنے سے قبل اس بات پر غور کریں کہ عافیہ کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کے سال 2003 سے 2024 تک سابقہ تمام وزراء اعظم باعزت طور پر اپنے عہدے کی مدت مکمل کرنے میں ناکام رہے ہیں؟کسی بھی حکومت کی کامیابی کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ اسے عوام کا اعتماد حاصل ہو۔ ہم امید کرتے ہیں آپ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا فریضہ ادا کر کے اللہ کی بارگاہ میں سرخرو ہونے اور پاکستان کے عوام کا اعتماد حاصل کرنے کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔

Back to top button