نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں ریکارڈ مدت میں پورے کیے جانیوالے او پی ڈی کے پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے او پی ڈی کا دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔نگران وزیراعلیٰ کو اس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے راولپنڈی میں ہی بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پنجاب میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام کیلئے 6بڑے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اہم کردار ادا کیا اور چیمبرز کی تجاویز اورسفارشات کے مطابق بزنس فیسلیٹیشن سینٹر زکا قیام عمل میں لایاگیا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی و زیر صنعت،ان کی ٹیم اور راولپنڈی انتظامیہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام کے کریڈٹ کی مستحق ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ فنڈز راولپنڈی ڈویژن پر خرچ کیے گئے جہاں شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر ایک ار ب75کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی جمخانہ کلب کا افتتاح کیا، اس کی عمارت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، اچھی ضلعی انتظامیہ راولپنڈی اور راولپنڈی والوں کی خوش قسمتی ہے۔انہوں نے کہاکہ توقع ہے آنے والی حکومت زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کومکمل کرائے گی، چنددن بعدہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کریں،کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے بہتر ہوگا۔