پاکستان نے غزہ کے عوام کیلئے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کردی
پاکستان نے غزہ کے عوام کے لیے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کر دی ہے۔امدادی سامان کی کھیپ نور خان ایئر بیس سے پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے بھیجی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان معصوم فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہے۔
تیسری امدادی کھیپ میں تقریباً 20 ٹن ضروری اشیاء شامل ہیں جن میں سرجیکل اور طبی سامان، خشک خوراک کی اشیاء اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
Pakistan has dispatched third consignment of 20 tons of relief goods for the people in Gaza@JalilJilani @ForeignOfficePk @pmofa #BreakingNews #RadioPakistan https://t.co/0gr5BaF8QD pic.twitter.com/kfhLhVzXo3
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) January 1, 2024
نور خان ایئر بیس پر امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر اور مسلح افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔انہوں نے انصاف اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کے لیے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے بھی فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیل کی طرف سے بالخصوص فلسطینی خواتین اور بچوں کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کی۔