بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیمیں پاکستان سمیت 53 ممالک میں بدامنی پھیلانے میں مصروف

افغانستان میں موجود 23 دہشتگرد تنظیمیں پاکستان سمیت 53 ممالک میں بدامنی پھیلانے میں مصروف ہیں، افغان طالبان کےاقتدارسنبھالنے کے بعد ٹی ٹی پی دوبارہ متحرک ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان عالمی دہشتگرد تنظیموں کا گڑھ بن گیا، 23 تنظیمیں امریکا، چین اور پاکستان سمیت 53 ممالک میں دہشتگردی پھیلانے میں ملوث ہیں، 17 دہشتگرد تنظیمیں صرف پاکستان کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں، افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی تنظیموں میں ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار اور بلوچ دہشت گرد تنظیمیں سر فہرست ہیں۔

رپورٹس کے مطابق افغانستان سے القاعدہ اور داعش یورپ اور امریکا کو، تحریکِ اسلامی ترکمانستان چین کو جبکہ آئی ایم یو ازبکستان کو نشانہ بناتی ہے، افغانستان سے ہی جنداللہ ایران میں جبکہ حزب التحریر اور جماعت الاحرار پاکستان میں دہشتگردی پھیلاتی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان خطے میں دہشتگرد تنظیموں کی باقاعدہ مالی معاونت کر رہا ہے۔

ایشیا پیسیفک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال دہشتگردی کی لہر میں ٹی ٹی پی اور افغان حمایت کا مرکزی کردار رہا، 2015ء سے 2020ء تک پاک فوج کے آپریشنز کی بدولت ٹی ٹی پی کے حملے مسلسل کم ہوتے گئے جبکہ 2020ء کے بعد سے ٹی ٹی پی کے حملوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں 2020ء میں 49، 2021ء میں 198 جبکہ 2022ء میں 237 حملے کئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ٹی ٹی پی کے 317 حملوں میں 389 پاکستانی شہید ہوئے ہیں، پچھلے دو سالوں میں پاکستان میں ہونے والے تمام خودکش حملہ آور بھی افغان شہری تھے، ٹی ٹی پی کو افغان طالبان کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔

مزید پڑھیے  نواز شریف مریم نواز کو نشانہ بنانے کی پس پردہ سازش بے نقاب ہو گئی، شہباز شریف

اقوامِ متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں بھی افغان طالبان کے دور میں خطے میں عدم استحکام بڑھنے کا انکشاف کیا گیا، رپورٹ کے مطابق دوحہ معاہدے میں طالبان کی طرف سے دہشتگرد گروپوں کو توڑنے اور دیگر ممالک کیلئے سلامتی خطرہ نہ بننے کے وعدے پورے نہیں ہوئے، امریکی نمائندہ برائے امن پروگرام کے مطابق ٹی ٹی پی افغانستان میں دہشتگردوں کی تربیت اور ان کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے متحرک ہے۔

Back to top button