جنگ بندی کے تیسرے روز حماس کی جانب سے4 غیر ملکیوں سمیت 17 اسرائیلی قیدی رہا
جنگ بندی کے تیسرے روز حماس کی جانب سے4 غیر ملکیوں سمیت 17 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا گیا جس کے جواب میں اسرائیل نے بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق حماس نے جنگ بندی کے تیسرے روز 13 اسرائیلیوں اور 4 غیر ملکی باشندوں کو رہا کردیا، غیرملکی باشندوں میں 3 تھائی شہری جبکہ ایک روسی شامل ہے جواب میں اسرائیلی کی جانب سے بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔
حماس کی جانب سے رہائی پانے والے 17 یرغمالیوں کو ہلال احمر کے رضاکاروں نے مصر پہنچایا جہاں سے طبی معائنے کے بعد اسرائیل بھیج دیا گیا۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ 120 ٹرک امداد لے کر غزہ پہنچ گئے ہیں ، آج غزہ میں 200 امدادی ٹرک پہنچائے جائیں گے، گزشتہ روز صیہونی فوج کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی پر قیدیوں کی رہائی میں تاخیر ہوئی، آج پھر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی کو شہید کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے 13 اسرائیلی اور 4 تھائی شہریوں کو رہا کیا جبکہ اسرائیل کی جانب سے 39 فلسطینی قیدی رہا کئے گئے تھے ۔یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی کے دوران 50 اسرائیلیوں کو رہا کیا جائے گا اور بدلے میں 150 فلسطینیوں کو رہائی ملے گی۔
7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کے زمینی اور فضائی حملوں میں اب تک 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہدا میں 6 ہزار 150 بچے اور 4 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں جبکہ بچوں اور خواتین سمیت زخمیوں کی تعداد 36 ہزار تک پہنچ چکی ہے ۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں اور بربریت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔