بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

باز بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا

قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے دستبرداری کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی وہ لمحہ واضح طور پر یاد ہے جب 2019 میں پاکستان کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے مجھے کال موصول ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سالوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے لیکن دنیائے کرکٹ میں پورے دل اور لگن سے پاکستان کے وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں پہلے نمبر پر پہنچنا کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ تھا لیکن میں اس سفر کے دوران غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

سابق کپتان نے کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کال کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔

بابر نے قیادت کی ذمے داری سونپنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔قیادت سے دستبرداری کے اعلان سے قبل آج بابر اعظم نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات کی تھی۔ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا تھا کہ بابر جب قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے نکل رہے تھے تو ان کی گاڑی کو شائقین اور صحافیوں نے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔

مزید پڑھیے  پی ایس ایل 9، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی
Back to top button