بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ، پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان مقابلہ کل ہوگا

ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنے دوسرے بڑے مقابلے میں کل آسٹریلیا کا سامنا کرے گی۔ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے 18 ویں میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے بھارت کے شہر بنگلور میں ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکی جن میں سے 2 میں کامیاب اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر ایک میں کامیاب جبکہ دو میں شکست کھا چکی ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ون ڈے میچز میں 107 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے کینگروز نے 69 اور پاکستان نے 34 میچز اپنے نام کیے، تین میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا جبکہ ورلڈ کپ میچز میں دونوں ٹیمیں 10 بار ٹکرائیں، 6 بار جیت کینگروز کے نام رہی جبکہ صرف چار میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے میچز میں دو بار ایشیا میں مدمقابل ہوئیں، پہلی بار دونوں ٹیمیں 1987 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئی تھیں اور آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 18رنز سے کامیابی حاصل کی، پاکستانی ٹیم نے268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 249 رنز بنائے تھے۔دوسری بار شاہین اور کینگروز 2011 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں مد مقابل آئے یہاں جیت گرین شرٹس نے اپنے نام کی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 177 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کیا تھا۔

اشتہار
Back to top button