افغان صوبے باغلان کی مسجد میں خود کش دھماکے سے 7 افراد جاں بحق
افغانستان کے شمالی صوبے باغلان کے علاقے میں ایک مسجد کے اندر خود کش دھماکہ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق اگست 2021 میں امریکی حمایت یافتہ حکومت افغان حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد طالبان نے کنٹرول سنبھال لیا جس کے بعد سے بم دھماکوں اور خود کش حملوں میں کمی آئی ہے۔تاہم داعش اور دیگر مسلح گروپوں کی طرف سے افغانستان میں دہشت گردی کے حملوں کا خطرہ موجود ہے۔
باغلان صوبے کے دارالحکومت میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔صوبائی محکمہ اطلاعات اور میڈیا چیف مصطفیٰ اسداللہ ہاشمی نے کہا کہ سیکیورٹی اور تفتیشی فورسز جائے وقوع پر پہنچے ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ تاحال تفتیشی عمل جاری ہے۔باغلان صوبائی ہسپتال سے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہسپتال میں تاحال 19 لاشیں اور 40 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند لاشیں اور زخمی افراد کو دیگر نجی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔عبدالحامد نامی شہری نے کہا کہ جیسے ہی دھماکا ہوا تو انہیں خوف ناک آواز سنائی دی۔شہری نے کہا کہ دھماکا ہونے کے بعد بڑی تعداد میں زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن کی صورت حال تشویش ناک ہے۔
ایک اور شہری نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز جائے وقوع سے لوگوں کو ہٹانے میں مصروف تھیں۔واضح رہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے ماضی میں بھی مخصوص مذہبی فرقے کے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔