ایشیا کپ فائنل بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار
ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم بارش کے باعث میچ شروع نہیں کیا جاسکا ہے۔ای ایس پی این کرک انفو نے رپورٹ کیا کہ کولمبو میں بارش کے سبب میچ میں تاخیر ہو گئی ہے اور پورے گراؤنڈ کو کور کر دیا گیا ہے۔سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے کہا کہ شام میں وکٹ پر کچھ ٹرن دیکھنے کو مل سکتی ہے، لیکن پچ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اچھی اور نوجوان ٹیم کو اکٹھا کرنے کا کریڈٹ سلیکٹرز کو دیتا ہوں، انہوں نے تصدیق کی کہ مہیش تھیکشنا کی جگہ ٹیم میں دشن ہیمانتھا کو شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے بتایا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے لیکن ہمیں امید ہے کہ ابتدا میں ہی ہم سری لنکن بلے بازوں پر دباؤ بڑھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 6 تبدیلیاں کی گئی ہیں، تاہم اہم کھلاڑی ٹیم میں واپس آ چکے ہیں۔ایشیا کپ فائنل میں دونوں ٹیمیں 7 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، بھارت نے 4 بار سری لنکا کو زیر کیا جبکہ سری لنکا نے تین بار بھارت کو شکست دی ہے، تاہم آئی لینڈرز نے کولمبو میں ایشیا کپ کے تمام فائنل میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ میچ سری لنکا کا لگاتار دوسرا اور مجموعی طور پر 11 واں فائنل ہوگا، 6 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم بھارت کے 7 ایشیا کپ ٹائٹل کے ریکارڈ برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔دونوں ٹیموں نے ایشیا کپ 2023 میں 4،4 میچز جیتے اور ایک، ایک میچ میں شکست ہوئی ہے جبکہ بھارت کا پاکستان کے ساتھ ایک میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔