بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ، بارش کے باعث بھارت دوبارہ بیٹنگ نہ کرسکا تو پاکستان کو جیت کیلئے کتنا ہدف ملے گا

پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ کا میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ہے اور گزشتہ میچ کی طرح اس میچ کے بھی بارش سے متاثر ہونے کا شدید امکان ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا اور بھارتی ٹیم کی بیٹنگ مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی ٹیم بارش کے سبب بیٹنگ کے لیے میدان میں اتر بھی نہ سکی تھی۔

آج بھارت نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور اب تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا لیے ہیں لیکن بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا جو ہر گزرتے وقت کے ساتھ تیز ہوتی جا رہی ہے۔

گوکہ اس میچ کے لیے خصوصی طور پر ایک ریزرو دن بھی رکھا گیا ہے لیکن امپائرز کی پہلی ترجیح آج کے دن ہی میچ کا پایہ تکمیل تک پہنچانا ہو گا۔

میچ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگر آج کے دن کھیل دوبارہ ممکن نہ ہو سکا تو کل بھارتی ٹیم یہیں سے دوبارہ اننگز کا آغاز کرے گی۔

تاہم اگر آج کے دن ہی کھیل ممکن ہو سکا اور پاکستان کو 20 اوورز میں ہدف کے تعاقب کا موقع ملا تو قومی ٹیم کا ہدف 181 رنز ہو گا۔

اگر بھارتی ٹیم آج مزید بیٹنگ نہ کر سکی اور پاکستان کو بھارت کی طرح ہی 24.1 اوورز میں ہدف تک رسائی کا موقع دیا گیا تو ایسے میں قومی ٹیم کو 24 اوورز میں 206 رنز کا ٹارگٹ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کولمبو میں ہونے والے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے دوران پہلے ہی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی اور اسی وجہ سے پاکستان نے ایونٹ کے بقیہ میچز ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

تاہم منتظمین کی جانب سے تضامندی ظاہر کیے جانے کے باوجود ایونٹ کی منتقلی کا فیصلہ تبدیل کردیا گیا اور کولمبو میں ہی میچز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اشتہار
Back to top button