خصوصی سرمایہ سہولت کونسل کی تاجر برادری کو سرمایہ کاری لانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے تاجر برادری کو ملک میں سرمایہ کاری لانے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ یقین دہانی آج کراچی میں کاروباری برادری اور معاشی ماہرین کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے زیر اہتمام ایک جامع بحث میں دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان اور ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی نے کونسل کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان میں زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات ہیں۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ان تمام پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی جو ملک میں کاروباری افراد کے لیے سرمایہ کاری کے امکانات کو بڑھانے میں تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا جہاں سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے اور SIFC ٹیم کو تجاویز دینے کا موقع دیا گیا۔
بحث میں ملک بھر سے سرمایہ کاروں اور معاشی ماہرین نے شرکت کی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔