بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

شہدائے کشمیر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ تحریک حریت  جموں و کشمیر

تحریک حریت جموں و کشمیر کا شہیدسیدعلی گیلانی کو ان کی دوسری برسی پر خراج عقیدت

تحریک حریت جموں و کشمیر نے  قائدتحریک آزادی کشمیر شہید سیدعلی گیلانی کو ان کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے  شہداء کشمیر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ترجمان تحریک حریت مقبوضہ جموں و کشمیر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تحریک حریت جموں و کشمیر کے قائم مقام چیئرمین  نے شہید سیدعلی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حصول حق خود ارادیت کی بنیادوں پر جدوجہد آزادی کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کسی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں اسلام ، آزادی اور اتحاد  ملت کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے جدوجہد جاری رہے گی۔

ترجمان نے کہا کہ تحریک حریت جموں و کشمیر اس بات کی وعدہ بند ہے کہ قائد انقلاب کے اس اصولی موقف کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کو بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے تک اپنی پر امن جدوجہد جاری و ساری رکھے گی ۔تحریک حریت جموں و کشمیراس بات کا عہد کرتی ہے کہ شہداء کشمیر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

اگرچہ بھارت نے وادی کشمیر کو عملاً جیل خانے میں تبدیل کیا ہے۔ اسرائیلی پالیسی کو اختیار کرتے ہوئے فوجی طاقت کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کی زبانوں پر تالے چڑھا کر قبرستان کی خاموشی قائم کی ہے۔ ظلم و جبر کا ہرہتھکنڈا استعمال کیا  جارہا ہے۔ جیالے نوجوان آج بھی قوم کی آزادی کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے جیل خانے نہتے کشمیریوں سے بھر گئے ہیں، اب بھارت کی ہر ریاست میں مظلوم کشمیریوں کو جیل خانوں کی زینت بنایا جاتا ہے ان کے اس عزم و استقلال کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس کے علاوہ بھارتی سامراج نے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے ہٹانے کے لیے این جی اے اور ایس جی اے جیسی ایجنسیوں کا استعمال بھی کیا ہے لیکن اس سب کے باوجود بھارت تحریک آزادی کی آواز کو دبانے میں ناکام ہوا ہے اور آئندہ بھی بھارت کے مقدر میں ناکامی کے سوا کچھ بھی ہاتھ میں آنے والا نہیں ہے۔

تحریک حریت جموں و کشمیر قائد انقلاب شہید  سید علی گیلانی کی شہادت کی دوسری برسی پر تمام شہداء کشمیر کو سلام پیش کرتی ہے اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اپنے جیالوں کو پیغام دیتی ہے کہ قوم نے ان کو بھولا نہیں ہے بلکہ قوم ان کے ساتھ ہے اور عنقریب آپ کا صبر و استقامت رنگ لائے گا اور مظلوم قوم آزادی کی  نعمت سے فیض یاب ہو جائے گی۔

تحریک حریت جموں و کشمیر اقوام عالم کے حقوق انسانی کے علمبرداروں تک وطن عزیز میں مہاجرت کی زندگی گزارنے والے حریت قائدین اور پاک وطن کے ذمہ داروں کے ذریعہ پیغام پہنچانا چاہتی ہے کہ بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں اور ظلم و جبر سے باز آ جائے اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قرار دادوں کی روشنی میں حل کرنے پر مجبور کریں ۔

اشتہار
Back to top button