نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے حلف اٹھا لیا
صدر عارف علوی نے ان سے حلف لیا ۔حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شہزادوسیم ،سابق اراکین پارلیمنٹ ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،غیر ملکی سفارت کاروں ،اعلیٰ سرکاری افسران اور نگران وزیر اعظم کے خاندان کے افراد نے شرکت کی ۔
انوار الحق کاکڑ نے 8 ویںنگران وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔حلف برداری کی تقریب کے بعد صدر عارف علوی اور سابق وزیر اعظم نے انہیں مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا
بعد ازاں صدر عارف علوی نے ان کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا جس میں سول وعسکری قیادت شریک ہوئی اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جس پر نگران وزیر اعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
وزیر اعظم ہاﺅس پہنچنے پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور بعدا زاں سابق وزیر اعظم شہباز شریف کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے انہیں رخصت کیا ۔