بابوسر ٹاپ کے قریب مسافر گاڑی کھائی میں جا گری، 8 جاں بحق
مانسہرہ بابوسر ٹاپ کے قریب گیٹی داس کے مقام پر مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق ڈی ایس پی بالا کوٹ سعید جدون نے بتایا کہ ٹیوٹا ہائی ایس گاڑی ناران سے بابو سر ٹاپ جارہی تھی کہ چڑھائی پر ہیٹ اپ ہونے کی وجہ سے روک دی گئی، گاڑی کے پچھلے ٹائر کے ساتھ پتھر رکھ دیا گیا تاہم گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملنے پرپولیس، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں جنہوں نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکالا ، زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں نادیہ زوجہ سرفراز ، طلحہ عرفان ولد عرفان ، وقاص عرفان ولد عرفان ، محمد عرفان ولد محمد دین ،محمد سرفراز ولد محمد دین، سعید ظفر ولد ظفر ، ثاقب عرفان ولد محمد عرفان شامل ہیں۔
زخمیوں میں زاہد ولد سرفراز، ردا دختر سرفراز ، عروج فاطمہ دختر عرفان، آمنہ دختر محمد ظفر ، عطیہ زوجہ عرفان ، عائشہ دختر سرفراز ، عبدالمالک ولد حاجی ریاض ، مریم دختر محمد ظفر ، زینت زوجہ محمد ظفر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں بی ایچ یو ناران منتقل کردی گئیں ہیں ۔