بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کا آغاز

آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کی انتظامیہ نے جامعہ کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس میں تیز ترین اور قابل بھروسہ انٹرنیٹ سروس مہیا کر کے اس کیمپس کی تعلیمی ترقی اور طلبا/طالبات کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم و تحقیق کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کنگ عبداللہ کیمپس میں قائم ڈیٹا سنٹر کا باقاعدہ افتتاح پیر کے روز کیا۔ افتتاحی تقریب میں جامعہ کی مختلف کلیات کے ڈین حضرات، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، پرنسپل آفیسران اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اس ڈیٹا سنٹر اور انٹرنیٹ سروس کی جدید سہولتوں کے بعد جامعہ کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس میں قائم تمام تعلیمی شعبہ جات، ابن خلدون لائبریری و انفارمیشن ریسورس سنٹر کمپیوٹر و سائنس کی لیبارٹریز، جملہ انتظامی دفاتر اور طلبا/طالبات کے ہاسٹلز باہم مربوط ہو گئے ہیں۔

ڈیٹا سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کے کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ اور کنگ عبداللہ کیمپس کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف کو مبارکباد دی جن کی انتھک کوششوں اور محنت کی بدولت جامعہ نے تعلیمی ترقی اور کنگ عبداللہ کیمپس میں جدید تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیٹا سنٹر کے قیام کے بعد طلبا/طالبات، اساتذہ اور انتظامی آفیسران کو تیز ترین اور قابل بھروسہ انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو گی اور انہیں دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور نئے علوم و ٹیکنالوجیز تک براہ راست رسائی حاصل ہو جائے گی۔

ریزیڈنٹ ڈائریکٹر کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف اور دائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد صغیر نے اس منصوبہ کی افادیت و اہمیت، مختلف شعبہ جات کو باہم مربوط کرنے اور معیاری تعلیم و تحقیق میں انٹرنیٹ کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلان کیا کہ کیمپس کو نیٹ ورک انٹرنیٹ کی فراہمی کے بعد جلد وائی فائی کی سہولیات بھی فراہم کر دی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ کنگ عبداللہ کیمپس میں انٹرنیٹ کی فراہمی پر مجموعی لاگت ایک سو چھ ملین سے زیادہ آئی ہے جو ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے مہیا کیئے ہیں۔

اشتہار
Back to top button