بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فلسطینوں پر ظلم کرنے والا اسرائیل ہمیں انسانی حقوق کا سبق نہ پڑھائے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ  (یو این) کی کونسل برائے انسانی حقوق میں پاکستان کے خلاف بیان کو سختی سے مستردکیا ہے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے 53 ویں اجلاس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے رپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی نمائندے نے پاکستان پر تنقیدکی اور اجلاس کے دوران پاکستان سے جبری گمشدگیوں، تشدد، پرامن احتجاج پر کریک ڈاؤن اور  مذہبی اقلیتوں پر تشدد کو روکنے کے لیے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کے بیان کو پاکستان کی اندرونی سیاست میں مداخلت قرار دے کر مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پاکستان کی یونیورسل پریاڈک رپورٹ متفقہ طور  پر منظور کرلی ہے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والے ملک کی نصیحت کی پاکستان کو کوئی ضرورت نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم کی طویل تاریخ کو دیکھتے ہوئے اسرائیل پاکستان کو انسانی حقوق پر نصیحت نہیں کرسکتا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی بیانیےکا سیاسی محرک اقوام متحدہ کے سیشن کے مثبت لہجے اور ریاستوں کی ایک بڑی اکثریت کے بیانات سے متصادم تھا۔

مزید پڑھیے  فلسطین کا معاملہ، جو بائیڈن کی انسانی حقوق سے وابستگی پر سوالات اٹھنا شروع
Back to top button