بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بنگلہ دیش کے کرکٹر تمیم اقبال نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

بنگلہ دیش کے تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے احکامات کی وجہ سے انہوں نے اپنا ذہن تبدیل کیا۔

 رپورٹ کے مطابق افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریزکے پہلے میچ میں 17 رنز سے شکست کے بعد34 سالہ مایہ ناز بیٹر نے جذباتی انداز میں بدھ کو فوری طور پر انٹرنیشنل کیرئیر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم جمعہ کو تمیم اقبال نے بتایا کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم کی جانب سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی ہدایت پر اپنا فیصلہ واپس لیا۔

انہوں نے ڈھاکا میں شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر کہا کہ ملک کی اہم شخصیت کے سوا میں ہر کسی کو منع کرسکتا ہوں، ہمارے درمیان طویل تبادلہ خیال ہوا، انہوں نے مجھے کرکٹ میں واپسی کی ہدایت کی، میں اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے رہا ہوں۔

ملاقات کے دوران تمیم اقبال کے ساتھ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن بھی موجود تھے، جنہوں نے کرکٹر کے 100 فیصد فٹ نہ ہونے کے باوجود میچ کھیلنے کے اعتراف کے بعد کھلاڑیوں کی پروفیشنلزم پر سوال اٹھایا تھا۔

ناظم الحسن نے کہا تھا کہ کرکٹ کی پریس کانفرنس دیکھی ہے، مجھے پتا تھا کہ ان کا یہ فیصلہ جذباتی ہے، میں جانتا تھا کہ اگر ہم ملاقات کریں تو اس مسئلے کا حل نکل سکتا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا کہ تمیم اقبال زخمی ہیں، وہ بحالی کے لیے 6 ہفتے کا وقفہ لیں گے اور ستمبر میں ایشیا کپ کے لیے وقت پر واپسی کے لیے ’جسمانی اور ذہنی طور پر‘ تیار ہوں گے۔

مزید پڑھیے  وزیرِ اعظم عمران خان چین کے 4 روزہ دورے پر روانہ

مقامی نشریاتی اداروں نے اس فیصلے کا ٹیلی ویژن پر براہ راست اعلان کیے جانے کے بعد مداحوں کو تمیم اقبال کے آبائی شہر چٹاگانگ میں جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا۔

افغانستان کے خلاف جاری سیریز کے باقی میچوں کے لیے وکٹ کیپر بیٹر لائٹن داس کو کپتان نامزد کرنے کے کئی گھنٹوں بعد یہ ملاقات ہوئی۔

قبل ازیں، لائٹن داس نے کہا تھا کہ تمیم اقبال کے استعفے سے ٹیم کے کھلاڑی حیران ہو گئے تھے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ یہ فیصلہ آنے والا ہے، انہوں نے کئی سالوں سے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو بہت کچھ دیا ہے۔

اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 34 سالہ مایہ ناز بلے باز نے بنگلہ دیش کے لیے 241 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 8 ہزار 313 رنز بنائے، جس میں 14 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

تمیم اقبال بنگلہ دیش کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں اور سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

بنگلہ دیش نے 32 سالہ اوپنر رونی تالقدار کو افغانستان کے خلاف باقی دو میچوں کے لیے طلب کیا ہے، دائیں ہاتھ بیٹر نے مئی میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میں ڈیبیو کیا تھا۔

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ان کی ٹیم نے تمیم اقبال کی عدم موجودگی کے ساتھ دوسرے میچ میں سیریز اپنے نام کرنے کے امکانات کا فائدہ اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا کہ ان کے ساتھ کیا ہو، ہم خود پر توجہ رکھتے ہیں، جی، آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ سیریز کے درمیان اس فیصلے نے ہر کسی کو حیران کیا ہے۔

مزید پڑھیے  ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ،انعام بٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ کل ہمارے پاس سیریز میں 0-2 سے کامیابی کا بڑا موقع ہے، ہمیں پتا ہے کہ وہ آج کے مقابلے کے لیے مضبوط ہر کر آئیں گے لیکن ہم تیار ہیں۔

حشمت اللہ شاہدی نے بتایا کہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر فضلِ حق فاروقی جو ابتدائی میچ میں آخری اوور مکمل نہیں کرسکے تھے، وہ فٹ ہو گئے ہیں۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 11 جولائی کو چٹاگانگ میں ہوگا، بنگلہ دیش نے افغانستان کے خلاف پہلی دونوں ون ڈے ہوم سیریز 1-2 سے جیتی تھیں، افغانستان نے اپنے دورے کا اختتام 14 اور 16 جولائی کو سلہٹ میں دو ٹی 20میچوں کے ساتھ کرے گا۔

Back to top button