محرم الحرام میں امن قائم رکھنے کیلئے ضلع خوشاب میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں، ڈپٹی کمشنر
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے ضلعی امن اور بین المذاہب ہم آ ہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محر م الحرام کے دنوں میں امن کی فضا ء قائم رکھنے اور شرپسندی،فتنہ انگیزی کے خاتمہ کیلئے ضلع بھر میں تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس و ضلعی انتظامیہ امن کے قیام کیلئے چو کس اورالرٹ ہے۔انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے کہا کہ وہ امن کی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ضلعی انتظا میہ اور پولیس سے بھر پور تعاون کریں۔ڈپٹی کمشنر ڈی سی کمپلیکس کانفر نس روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔اجلاس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب،اسسٹنٹ کمشنر خوشاب رانا نعمان محمود،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر رانا محمد اکبر،ڈی ایس پی صدر ذوالفقار حسین ،مولا نا رانا سلیم،قاری غلام محی الدین،قاری محمد امین،سید عابد حسین شیراز ی،ڈاکٹر عرفان اللہ،مولانا محمد زبیر،محمد اعجاز شاکری کے علاوہ دیگر ممبران کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے فیسکو واپڈا کو محرم کے دنوں میں لو ڈشیدنگ نہ کرنے،بجلی کی تاروں اور پولوں کی مکمل حفاظت اور مرمت،ایم سیزکو روٹس کی مرمت و صفا ئی،لائٹنگ کے انتظاما ت کرنے،فوڈ اتھارٹی کو پانی کی سبیلوں کی چیکنگ اور پلان کے مطابق دیگر محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئیں۔ کمیٹی کے ممبران کی جانب سے قبر ستان میں روشنی کے انتظامات کرنے،روٹس کی صفائی ستھرا ئی و مرمت،دربار بادشاہاں میں بھی سکیو رٹی کے انتظا مات کرنے اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔اجلاس میں سو یڈن کی جانب سے قرا ٓن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سخت الفاظ میں مذ مت کی اور مسیحی برادری کا سو یڈن کے خلاف کھل کر اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے محر م کے دنوں میں لائسنسداران کو وقت کی پا بندی کر نے کی بھی ہدایت کی۔کمیٹی کے تمام ممبران نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ امن و امان کے قیام کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔