خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں گرفتار خدیجہ شاہ کےجوڈیشل ریمانڈمیں14دن کی توسیع کردی۔ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پرخدیجہ شاہ کوعدالت میں پیش کیاگیا جہاں خدیجہ شاہ کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہرگل خان نےکی۔دلائل سننے کے مطابق عدالت نے خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈمیں 14دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں17جولائی کوپیش کرنےکاحکم دے دیا۔ مزید برآں عدالت نےپولیس کو مقدمے کا چالان داخل کرانے کا حکم بھی دے دیا۔
واضح رہے کہ جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں خدیجہ شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔خدیجہ شاہ سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں۔گزشتہ ماہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں خدیجہ شاہ سے امریکی قونصلیٹ کے نمائندے نے ملاقات کی تھی۔خدیجہ شاہ سے امریکی قونصلیٹ کے نمائندے کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی تھی جس دوران خدیجہ شاہ کی رہائی سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیاگیا تھا۔