گوشت کو جلدی پکانے کیلئے دیسی ٹوٹکے آزمانا کیا درست ہے؟
عید قرباں کے موقع پر ہر کسی کو یہ جلدی رہتی ہے کہ وہ قربانی کا تازہ گوشت جلد سے جلد تیار کرکے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو پیش کرے۔
پاکستان بھر میں خواتین گوشت کو پکانے کے لیے کئی طریقے آزماتی ہیں۔
بعض خواتین گوشت کو جلد سے جلد گلانے کے لیے گھریلو ٹوٹکوں کو بھی آزماتی ہیں جو کہ اگرچہ غلط نہیں ہیں، مگر جدید سائنسی غذائی ماہرین ان میں سے بعض طریقوں کو درست نہیں مانتے۔
بعض مرتبہ تازہ گوشت کو گلانے اور پکانے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں، جس وجہ سے خواتین تنگ آکر دیسی ٹوٹکے آزماتی ہیں، جن میں سے بعض ٹوٹکے گوشت سے کئی وٹامنز اور منرلز کو خارج کردیتے ہیں۔
ہیلتھ جرنل ’ہیلتھ‘ میں شائع غذائی ماہرین کے ایک مضمون کے مطابق گوشت کو درست اور محفوظ طریقے سے پکانے کے لیے اسے زیادہ سے زیادہ دیر تک پکایا جائے۔
اگرچہ ماہرین نے دیسی ٹوٹکوں کو غلط قرار نہیں دیا، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض ٹوٹکوں کو استعمال کرنے سے گوشت کی توانائی اور غذائیت پر اثر پڑتا ہے۔
ماہرین کی نظر میں گوشت کو درست اور محفوظ طریقے سے پکانے کے درج ذیل طریقے ہی بہتر ہیں۔
گوشت کو زیادہ دیر تک پکانا
عام طور گوشت کو نصف سے ایک گھنٹے تک پکایا جاتا ہے اور کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہی گوشت صحت کے لیے بہتر ہوتا ہے، جسے تھوڑا بہت چبایا جائے۔
لیکن ماہرین صحت کے مطابق گوشت کو زیادہ سے زیادہ دیر تک درمیانی آنچ پر پکانا ہی بہتر ہے۔
گوشت کو زیادہ دیر تک درمیانی آنچ پر پکانے سے گوشت میں شامل فوڈ پوائزن سمیت دیگر مسائل کا سبب بننے والے وائرس کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔
زیادہ دیر تک ہلکی آنچ پر گوشت کو پکانے سے گوشت میں شامل دیگر مضر جراثیم بھی ختم ہوجاتے ہیں اور وہ کئی حوالے سے محفوظ بن جاتا ہے۔
پریشر ککر کے ذریعے پکانا
گوشت کو پروٹین اور وٹامن کے حوالے سے اہم سمجھا جاتا ہے، ساتھ ہی اس میں کئی وٹامنز بھی پائے جاتے ہیں۔
گوشت کو پکانے کا جدید اور سب سے بہترین طریقہ پریشر ککر کے ذریعے اسے پکانا ہے۔
ماہرین کے مطابق پریشر ککر کے ذریعے گوشت کو پکاتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ درمیان میں گوشت کو چیک نہ کیا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پریشر ککر کے ذریعے ایک مخصوص زاویے اور پریشر پر گوشت پک رہا ہوتا ہے، اس لیے اس دوران پریشر ککر کا ڈھکن اتار کر گوشت کو دیکھنا اسے محفوظ طریقے سے پکانے کے راستے میں رکارٹ بن سکتا ہے۔
پریشر ککر کے ذریعے گوشت کو پکاتے وقت ڈھکن اٹھاکر اسے دیکھنے سے گوشت سے کئی وٹامنز کا اخراج ہوسکتا ہے اور اس میں صرف پروٹین ہی رہ جائے گا، جو زیادہ تر مروڑ اور پیٹ کے درد کا باعث بنتا ہے۔
الیکٹرک برتن سے گریز کریں
ماہرین صحت کی نظر میں گوشت کو پکانے کا سب سے غلط اور برا طریقہ گوشت کو کسی الیکٹرک برتن میں پکانے کا ہے۔
ماہرین کے مطابق الیکٹرک برتن کے ذریعے گوشت کو مطلوبہ مقدار کی تپش میسر نہیں ہوتی، جس وجہ سے گوشت سے کئی مضر صحت جراثیم نہیں نکلتے۔
بجلی کے برتن میں گوشت کو پکانے سے جہاں گوشت درست طریقے سے نہیں پکتا، وہیں اس عمل میں کئی گھنٹے بھی لگ جاتےہیں۔